ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / قتل، اغوا، گینگ وار اور عصمت دری کی وجہ سے دہلی جرائم میں سر فہرست: دیویندر یادو

قتل، اغوا، گینگ وار اور عصمت دری کی وجہ سے دہلی جرائم میں سر فہرست: دیویندر یادو

Thu, 05 Dec 2024 18:48:10  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 5/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے کہا کہ دہلی پچھلے 11 سالوں سے جرائم میں نمبر 1 بن چکا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ دہلی کی موجودہ حالت کے ذمہ دار اروند کیجریوال ہیں، جنہوں نے 2013 میں عوام سے گمراہ کن وعدے کر کے اقتدار حاصل کیا۔ کیجریوال نے دہلی کے امن و امان کو بہتر بنانے کا وعدہ کیا تھا، لیکن اب وہ خود اس وعدے پر عمل کرنے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ دیویندر یادو نے کہا کہ اروند کیجریوال ایک سابق ایڈمنسٹریٹو افسر ہونے کے باوجود عوام کو بے وقوف بنانے اور دھوکہ دینے والے بیانات دے رہے ہیں۔

دیویندر یادو نے کیجریوال کو ایک کمزور اور مجبور وزیر اعلیٰ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کیجریوال 3 بار دہلی کے وزیر اعلیٰ رہ چکے ہیں اور ان کی ناک کے نیچے روزانہ قتل، گینگ وار، ڈکیتی، خواتین پر ظلم، جنسی ہراسانی اور عصمت دری جیسے واقعات ہو رہے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ دہلی کے امن و امان کی بگڑتی صورتحال کا ذمہ دار بی جے پی اور عآپ دونوں ہے۔ مرکز میں بی جے پی اور ریاست میں عآپ، دونوں نے مل کر دہلی کی عوام کا جینا حرام کر دیا ہے۔ ان کے تحفظ میں مجرم کھلے عام مجرمانہ کارروائیوں کو انجام دے رہے ہیں۔ ایسی صورتحال میں مرکزی وزیر داخلہ کو استعفیٰ دے دینا چاہیے کیونکہ وہ اپنی ذمہ داری بخوبی نبھانے میں ناکام ہیں۔

کانگریس صدر نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج جو دہلی کی حالت ہے اس کی وجہ سے سماج کا ہر طبقہ خوف میں زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔ کھلے عام لوگوں کو قتل کیا جا رہا ہے، گھروں تک میں لوگ محفوظ نہیں ہیں۔ عام آدمی پارٹی کا سربراہ جس پر بدعنوانی کا الزام ہے، بذات خود گینگ وار، بھتہ خوری اور دھمکی دینے والے غنڈوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے ایک گینگ چلا رہا ہے۔ عوام کے درمیان دہلی کے بگڑتے حالات کی دہائی دی جا رہی ہے، جبکہ کیجریوال، منیش سودیا، سنجے سنگھ شراب گھوٹالہ اور ستیندر جین منی لانڈرنگ معاملے میں جیل جا چکے ہیں۔ ان کے 18 اراکین اسمبلی فوجداری مقدمات اور بھتہ خوری معاملہ میں جیل کی ہوا کھا چکے ہیں۔

دیویندر یادو نے کیجریوال پر طنز کستے ہوئے کہا کہ ’کٹر ایماندار‘ کیجریوال اپنے تئیں لوگوں کی ناپسندیدگی سے پورے طور پر ہِل چکے ہیں۔ عوام نے انہیں پورے طور پر نظر انداز کر دیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جب وہ عوام کے درمیان جاتے ہیں تو انہیں مخالفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ 11 سالہ دور حکومت میں کیجریوال نے جن غریبوں کے لیے کچھ نہیں کیا آج انہی کے یہاں بار بار جانا پڑ رہا ہے۔ دیویندر یادو نے کہا کہ جیل سے رہا ہونے کے بعد بدعنوانی کے ملزم کو چاہیے تھا کہ دہلی کی عوام کے لیے کچھ کرتے، ان کے دکھ درد کو تھوڑا کم کرتے۔ لیکن وہ ایسا نہ کر کے صرف اور صرف ایک دوسرے پر الزام لگا رہے ہیں۔


Share: